نئی دہلی، 25/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے قبل ہونے والی کل جماعتی میٹنگ میں کانگریس نے گوتم اڈانی کے خلاف بدعنوانی کے الزامات پر پارلیمنٹ میں بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔ یہ الزامات امریکی پراسیکیوٹرز کی جانب سے عائد کیے گئے ہیں، جن کے مطابق اڈانی گروپ نے شمسی توانائی کے معاہدے حاصل کرنے کے لیے ہندوستانی سیاست دانوں اور بیوروکریٹس کو 2300 کروڑ روپے سے زائد رشوت دی۔ کانگریس نے اس معاملے کی تحقیقات اور اس پر تفصیلی بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مفاد میں اس مسئلے کو ایوان میں اٹھایا جائے۔
کل جماعتی میٹنگ کے بعد کانگریس لیڈر پرمود تیواری نے کہا کہ اڈانی کا معاملہ ملک کے اقتصادی اور سلامتی مفادات سے جڑا سنگین مسئلہ ہے، اس پر جامع بحث ہونی چاہیے۔ راہل گاندھی نے اڈانی کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ان کا وزیراعظم سے قریبی تعلق ہے۔ اپوزیشن نے اس معاملے پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی چاہتی ہے کہ پیر سے شروع ہونے والے سرمائی اجلاس میں متنازعہ صنعت کار گوتم اڈانی کے خلاف بدعنوانی کے مقدمے کے علاوہ منی پور میں تشدد، شمالی ہندوستان میں آلودگی کا مسئلہ، ٹرین حادثہ وغیرہ کے مسائل پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کو سب سے پہلے اٹھایا جائے اور اڈانی کے خلاف بدعنوانی کے الزامات سے متعلق معاملے پر پہلے بحث کی جائے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 25 نومبر سے 20 دسمبر تک چلے گا جس میں 16 بل پر بحث ہونے کا امکان ہے۔ ان میں وقف ترمیمی بل بھی شامل ہے، جس کے بارے میں اپوزیشن کا الزام ہے کہ جگدمبیکا پال کی سربراہی میں بنائی گئی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کے چیئرمین اس سے متعلق اجلاسوں میں خلل ڈال رہے ہیں، اس لیے جے پی سی کو مزید وقت دینے پر غور کیا جانا چاہئے۔